کنیریا کیساتھ کھیلنے پر کرکٹرز کو پانچ پانچ لاکھ کا ٹیکہ

ڈائریکٹر مارکیٹنگ بد ررفاعی ایکشن سے بچ گئے ، پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ محتاط رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کردی،تحقیقاتی پینل کے سامنے پیش نہ ہونے پر کنیریاکاکیس انٹیگریٹی کمیٹی کو بھجوادیاگیا پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے امریکہ میں غیرمنظورشدہ ٹورنامنٹ کھیلنے پر کمیٹی کی سفارشات منظورکرتے ہوئے وہاب ریاض، فواد عالم، ناصر جمشید، عبدالرزاق اور شاہ زیب حسن کوجرمانہ کردیا لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے امریکہ جا کر غیر منظور شدہ کرکٹ کھیلنے والے قومی کھلاڑیوں کے بارے میں انکوائری کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے انہیں پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانہ کر دیا ہے تاہم اسی ایونٹ میں جانے والے پی سی بی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ بدر رفاہی کی وضاحت قبول کرتے ہوئے انہیں محض وارننگ دے کر چھوڑ دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی کھلاڑیوں وہاب ریاض ، فواد عالم، ناصر جمشید ، عبدالرزاق اور شاہ زیب حسن نے گزشتہ ماہ امریکہ کے شہر ہوسٹن میں کھیلے جانے والے غیر منظور شدہ ایونٹ فرینڈ شپ ٹی ٹونٹی کپ میں شرکت کی تھی جہاں تاحیات پابندی کی سزا کاٹنے والے دانش کنیریا نے بھی حصہ لیا تھا جس کی تفصیلات سامنے آمنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کھلاڑیوں کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے انکوائری کے لئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی تھی جس نے ان کھلاڑیوں کے بیانات بھی قلم بند کئے تھے ۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز انتخاب عالم، جی ایم ویجی لینس اینڈ سکیورٹی کرنل (ر) اعظم خان اور منیجر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز عثمان واہلہ پر مشتمل تین رکنی کمیٹی کے سامنے ان کھلاڑیوں نے غیر منظور شدہ کرکٹ ایونٹ میں کھیلنے کا اعتراف کیا اور موقف اپنایا کہ وہ اس ٹورنامنٹ کیلئے این او سی لینے کی ضرورت سے لا علم تھے جسے کمیٹی نے مسترد کر تے ہوئے ان کھلاڑیوں پر پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا تجویز کی تھی۔ کمیٹی کے مطابق آئی سی سی کے قواعد کے مطابق فرینڈ شپ کپ غیر منظور شدہ ایونٹ تھا اس لئے پانچوں کرکٹرز کے جواز کو تسلیم نہیں کیا گیا کہ اس ایونٹ کے لئے انہیں باقاعدہ اجازت یا این او سی کی ضرورت نہیں تھی۔ کمیٹی نے رپورٹ دی کہ دانش کنیریا کو بھی بلایا گیا تھا مگر وہ خود پیش ہو ئے اور نہ ہی انہوں نے کوئی تحریری جواب دیا لہٰذا کمیٹی نے ان کا کیس پی سی بی انٹیگریٹی کمیٹی کو بھجوا دیا ہے ۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ بدررفاعی نے بیان دیا کہ وہ اس ایونٹ کے انعقاد یا کھلاڑیوں کو لے جانے میں شامل نہیں تھے بلکہ تھوڑی دیر کے لئے منتظمین کی دعوت پر اس ایونٹ میں گئے تھے اور غلطی سے دانش کنیریا کے ساتھ تصویر بنوابیٹھے ۔ پی سی بی کے ترجمان نے بتایا کہ تین رکنی کمیٹی تحقیقات کے بعد اس نتیجے پر پہنچی کہ ڈائریکٹر مارکیٹنگ بدر رفاعی ایونٹ کی آرگنائزیشن میں شامل تھے اور نہ انہوں نے کھلاڑیوں کو مدعو کرنے میں منتظمین کی مدد کی بس وہ تو آرگنائزرز کی دعوت پر ایک میچ دیکھنے کے لئے پہنچ گئے تھے اور وہاں پر انہوں نے دانش کنیریا کے ساتھ تصاویر بنوا کر غلطی کی اس لئے ان کے جواز کو صحیح تسلیم کرتے ہوئے کمیٹی نے انہیں مستقبل میں محتاط رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں Blogger

 
Top