جنرل دلبیرسنگھ سوہاگ کو بھارتی فوج کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا

الیکشن کمیشن کی کلئیرنس ملنے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل دلبیر سنگھ سوہاگ کو نئے آرمی چیف مقرر کردیا جائے گا۔ فوٹو:فائل
نئی دہلی: بھارت میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے لئے  اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی مخالفت کے باوجود حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل دلبیر سنگھ سوہاگ کو فوج کا نیا سربراہ مقررکردیا۔
 وزیراعظم منموہن سنگھ کی زیر صدارت اجلاس میں کیبنیٹ کی تعیناتی کمیٹی کی کلئیرنس کے بعد وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل دلبیر سنگھ کو نیا آرمی چیف تعینات کرنے کی منظوری دے دی جس کے بعد وہ یکم اگست کو فوج کی کمان سنبھالیں گے۔ اس سے قبل وزارت دفاع نے دلبیر سنگھ کو فوج کا سربراہ بنانے کی سفارش کی تھی اور الیکشن کمیشن کی جانب سے کلئیرنس ملنے کے بعد انہیں نیا آرمی چیف مقرر کردیا گیا۔
موجودہ آرمی چیف جنرل بکرام سنگھ 31 جولائی کو عہدے سے ریٹائرڈ ہورہے ہیں جبکہ 59 سالہ دلبیر سنگھ سوہاگ یکم اگست کو فوج کی کمان سنبھالتے ہوئے 31 دسمبر 2016 تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔
واضح رہے کہ موجودہ آرمی چیف جنرل بکرام سنگھ کے بعد لیفٹیننٹ جنرل دلبیر سنگھ سوہاگ سینئرترین افسرہیں جن کے بعد فہرست میں دوسرے نمبر پر سدرن آرمی کمانڈ چیف لیفٹیننٹ جنرل اشوک سنگھ کا نام آتا ہے لیکن سابق آرمی چیف اور غازی آباد سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار جنرل وی کے سنگھ لیفٹیننٹ جنرل اشوک سنگھ کو نیا آرمی چیف بنانے کی کوششوں میں مصروف تھے۔

 

ایک تبصرہ شائع کریں Blogger

 
Top