ڈی جی رینجرز کی شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت،جوابی کارروائی میں دشمن کی چوکیاں تباہ ،2فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف،بھارتی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے سیز فائرخلاف ورزی پر احتجاج کیا گیا اسلام آباد،سیالکوٹ ،پسرور(نمائندہ خصوصی، نمائندہ دنیا ،نامہ نگار)بھارت کا جنگی جنون ، سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈ ری کے پانچ سیکٹر زکے درجنوں دیہات پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری ،ایک ہی خاندان کے چار افراد سمیت 6 شہید ،22زخمی ،متعد د مکان تباہ، جانور ہلاک اور زخمی ہوگئے ،رینجرز نے بھرپورجوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی چوکیوں کونشانہ بنایا۔ بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا،ڈی جی رینجر زاوردیگر حکام نے شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔بھارتی سکیورٹی فورسز نے جمعتہ المبارک کی سحری کے وقت سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کے ہرپال ،چپراڑ ،چاروا ،ظفروال اورشکر گڑھ سیکٹرز کے درجنوں دیہات پر فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع کردیا ،ہرپال سیکٹر کے گاؤں اکھنور میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جن میں40سالہ کلثوم زوجہ نور حسین ،18سالہ شمع ناز دختر نور حسین،14سالہ علی حمزہ ولد نور حسین ، 10سالہ مسکان دختر نور حسین شہید ہوگئے جبکہ 25سالہ نوید رشید سکنہ ہرناوالی،12سالہ حسن ولد صغیر سکنہ سکروی بھی شہید ہوگئے ۔زخمیوں میں 10سالہ ریاست علی ولد نور حسین،22سالہ فروا ،16سالہ عقیل سکنہ عمروالی،45سالہ صوفیہ اکرام سکنہ کندن پور،28سالہ زینب بی بی،4سالہ عروج ،44سالہ شمس الدین سکنہ پتوال ،35سالہ فخریہ بی بی ،15سالہ سلمان،45سالہ زاہدہ نسیم سکنہ باجڑہ گڑھی ،17سالہ علی حسن ،14سالہ شکیل احمد، 20سالہ علی اکبر ،10سالہ ریحان رمضان سکنہ ہرپال ،65سالہ نذر حسین ،13سالہ طیبہ جاوید، 35سالہ جنت بی بی ،4سالہ عائشہ تنویر ،سیدہ دختر محمد تنویرسکنہ سکروی،60سالہ محمد رفیق سکنہ سرگ پور،23سالہ محمد امین کرامت، 18سالہ عدنا ن جمیل سکنہ چاروا اور55سالہ ہجرہ بی بی سکنہ دھمالہ شامل ہیں،زخمیوں کو پاک فوج ،ریسکیو 1122 کے جوانوں نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال سیالکوٹ منتقل کردیا ۔بھارتی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ او ر گولہ باری سے چپراڑ ،ہرپال ،باجڑہ گڑھی، چاروا ،اکھنور، معراجکے ،کھرانہ، سرگ پور ،کندن پور سمیت درجنوں سرحدی دیہات کے مکان تباہ ہوگئے جبکہ کثیر تعداد میں پالتو جانور ہلاک اور زخمی ہوئے ۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کی گولہ باری کے باعث سرحدی دیہات کے شہری محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہورہے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ کی طرف سے نقل مکانی کرنیوالے افراد کیلئے امدادی کیمپ قائم نہ کئے گئے ہیں ۔ ڈی جی رینجر زمیجر جنرل اطہر نوید حیات اوربریگیڈیئر جمال نے اکھنور میں شہید ہونیوالے ایک ہی خاندان کے چار افراد کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ ظفروال سے تحصیل رپورٹر کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز کی گولہ باری سے سکروی میں 12 سالہ ہشام بھی جاں بحق ہوگیا۔دوسری جانب پاکستان کی طرف سے چناب رینجرز نے بھرپور جوابی کارروائی کرکے دشمن کی متعددچوکیوں کو نقصان پہنچایااور انہیں آگ لگ گئی۔ ورکنگ باؤنڈری کے پار بھارتی مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے الزام لگایا ہے کہ پاکستانی رینجرز کی فائرنگ سے ان کے دو فوجیوں سمیت 7افراد ہلاک ہو گئے ۔ بھارتی حکام نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی فوج کی فائرنگ سے اس کی حدود میں بھی ایک فوجی اہلکار سمیت پانچ افراد ہلاک اور10زخمی ہوئے ہیں۔بھارتی حکام کے مطابق پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے بھارت کے ایک فوجی اہلکار کی ہلاکت کے بعد فائرنگ و گولہ باری کا یہ سلسلہ دیگر سرحدی چوکیوں تک پھیل گیا۔ادھرقائم مقام سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی افواج کی طرف سے ورکنگ باؤنڈری کے پکلیان، چپراڑ، ہرپال، چاروا اور شکرگڑھ سیکٹرز پر بلا اشتعال جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا ۔ بھارتی افواج کی طرف سے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر مسلسل شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ بھارتی فوج رواں سال ایک ہزارپچاس سے زائد مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کر چکی جس کے نتیجے میں 28شہری شہید جبکہ 117زخمی ہوئے ۔ قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے بھارت پر زور دیا کہ دو ہزار تین کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے اور اس واقعہ اور ایسے ہی دوسرے واقعات کی تحقیقات کروائے ، بھارتی افواج کو ہدایت کرے کہ وہ جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کریں۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے ملٹری ابزرور گروپ برائے انڈیا و پاکستان کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق کام کرنے دے ۔
بھارتی جارحیت بچوں سمیت 6 شہید 22 زخمی
ہرپال سیکٹر کے گاؤں اکھنور میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کلثوم ، شمع ناز ، علی حمزہ ، مسکان جبکہ ہرناوالی کے نوید اورسکروی کے حسن شہدا میں شامل،درجنوں مکان تباہ اورمویشی ہلاک ہوگئے

ایک تبصرہ شائع کریں Blogger Facebook