وفاقی بجٹ 37کھرب 43ارب کا ہو گا کابینہ نے حکمت عملی کی منظوری دیدی

عوام نے عام انتخابات میں ہم پر اعتماد کیا ، ملک کو بہتری کی طرف لے کرجائینگے،ڈالر اوپر جائے گا نہ ہی مہنگائی کو پر لگنے دیں گے ،قومی اداروں کو بحال کر کے پاکستان کو خوشحال بنائینگے، نوازشریف لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کی لعنت سے چھٹکار ا حاصل کر کے رہیں گے،کابینہ اجلاس سے خطاب، ترقیاتی پروگرام کیلئے 525ارب ،محصولات کا ہدف 28کھرب 10 ارب روپے رکھا جائیگا،اسحاق ڈار کی بریفنگ اسلام آباد (دنیا نیوز ، خبر ایجنسیاں)وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے لیے 37کھرب 43ارب کی بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی،وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے بجٹ 15-2014کا اسٹریٹجی پیپر کابینہ میں پیش کیا اور ملکی معاشی صورتحال اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے مفصل بریفنگ بھی دی۔بجٹ تجاویز کے مطابق بجٹ کا حجم 37 کھرب43 ارب روپے ہوگا، ترقیاتی پروگرام کے لیے 525ارب اور سالانہ محصولات کا ہدف 28 کھرب 10 ارب روپے رکھا جائے گا۔تنخواہوں کی مد میں 295 ارب ،پنشن کی مد میں 163 ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔ گزشتہ سال کے دوران ایف بی آر کی وصولیوں میں6.15 فیصد اضافہ ہوا ۔ کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 37 کھرب 43 ارب رکھنے کی تجویز کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اقتصادی اعشاریئے مثبت ہیں اور ان میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کے مثبت معاشی اقدامات کی وجہ سے اب عالمی برادری اور ادارے پاکستان پر اعتماد کر رہے ہیں، عوام نے عام انتخابات میں ہم پر اعتماد کیا ہے، ملک کو بہتری کی طرف لے کرجائینگے۔ ڈالر اوپر جائے گا نہ ہی مہنگائی کو پر لگنے دیں گے ۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ملک میں امن وامان، طالبان سے مذاکرات سمیت کراچی کی صورتحال سے آگا ہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ملک میں امن وامان کا قیام اولین ترجیح ہے اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ وزیراعظم نے بجلی کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی بہت کچھ کر نا باقی ہے، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کو ئی تاریخ نہیں دے سکتے تاہم لوڈشیڈنگ، دہشتگردی کی لعنت سے چھٹکار ا حاصل کر کے رہیں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کی صورتحال سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم نے کہاکہ ریلوے کی سو فیصد بہتری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ قومی اداروں کو بحال کر کے ہی پاکستان کو خوشحال بنائینگے۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے ریلوے عبد الحکیم بلوچ نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔وزیر مملکت نے وزیر اعظم کو ریلوے سے متعلق امور پر بریفنگ دی ۔کابینہ نے تحفظ خوراک کی وزارت کی طرف سے پیش کردہ بیج ایکٹ میں ترمیمی بل 1976ء، اقتصادی امورڈویژن کے چین اورپاکستان کے درمیان میٹروٹین پروجیکٹ کیلئے فریم ورک سمجھوتے،پاکستان وترکمانستان کے درمیان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن برائے اقتصادی تعاون کے سمجھوتے ،پاکستان بحرین مشترکہ اقتصادی کمیٹی کومشترکہ وزارت کمیشن کے طورپراپ گریڈکرنے کے بارے میں مفاہمتی یادداشت،داخلہ ڈویژن کی طرف سے پیش کردہ کوریاکے ساتھ سزایافتہ قیدیوں کے تبادلے کے سمجھوتے پردستخط ،سرمایہ کاری بورڈاورکویت کی متعلقہ اتھارٹی کے درمیان ایم اویوکی توثیق اورکابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کے 3اکتوبر 2013ء کوکئے گئے فیصلوں کی توثیق کی منظوری بھی دی۔

ایک تبصرہ شائع کریں Blogger

 
Top