شمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری، 60 دہشتگرد ہلاک
ہلاک
ہونے والے دہشت گرد پشاور دھماکے، باجوڑ اور مہمند ایجنسی میں عام شہریوں
کے قتل اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ شمالی وزیرستان کے تمام علاقوں
میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ، خلاف وزری کرنے والوں کو دیکھتے ہی
گولی مارنے کا حکم
میرانشاہ: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان کی
تحصیل میر علی اور بویا میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے غیر ملکیوں اور اہم
کمانڈروں سمیت 60 شدت پسند ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ کارروائی میں شدت
پسندوں کے کئی ٹھکانے تباہ کرکے شمالی وزیرستان کے تمام علاقوں میں غیر
معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کر دیا گیا اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو
دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیدیا گیا ہے جبکہ میرانشاہ اور میر علی میں
گن شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ بھی کی گئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی
وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی گزشتہ شب تقریباً 2 بج کر 45 منٹ
پر کی گئی۔ میر علی میں حسو خیل، ایسوڑی، حرمز اور موسکی جبکہ تحصیل بویا
کے علاقوں دیگان اور لانڈ محمد خیل میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر جیٹ
طیاروں سے بمباری کی گئی۔ کارروائی میں غیر ملکیوں سمیت درجنوں شدت پسند
مارے گئے اور کئی ٹھکانے تباہ ہوئے۔ صبح سویرے میرانشاہ اور میر علی کے
مختلف علاقوں پر گن شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ بھی کی گئی تاہم اس میں اب تک
کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ عسکری ذرائع کے مطابق بمباری کا فیصلہ وزیر
اعظم کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ اجلاس میں آرمی چیف
جنرل راحیل شریف بھی شریک تھے۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے شدت
پسندوں کے خلاف کارروائی کی منظوری دی تھی۔ ذرائع کے مطابق جیٹ طیاروں کے
حملے میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد حالیہ حملوں میں ملوث تھے۔ جیٹ طیاروں نے
حملوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ان کے پاس مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ
پشاور میں متاثرین کے کیمپ، مہمند ایجنسی، باجوڑ ایجنسی اور میرانشاہ کے
قریب سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث افراد ان علاقوں میں
روپوش ہیں جہاں تازہ کارروائی کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق نیم شب کے
وقت بڑی تعداد میں جنگی طیارے اور گن شپ ہیلی کاپٹرز شمالی اور جنوبی
وزیرستان کے علاقوں میں داخل ہوئے اور پھر بعض ٹھکانوں سے دھماکوں کی
آوازیں سنی گئیں۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان کے تمام علاقوں میں غیر معینہ
مدت کے لئے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ خلاف وزری کرنے والوں کو دیکھتے
ہی گولی مارنے کا حکم ہے ۔
ایک تبصرہ شائع کریں Blogger Facebook