بار
بار تبدیلیوں سے دنیائے کرکٹ میں پاکستان کی کافی جگ ہنسائی ہوچکی
:خالدمحمود،اب کسی ایڈونچرکی گنجائش نہیں،کرکٹ کے فروغ کیلئے کام
کیاجائے:سلیم الطاف
نجم سیٹھی نے تمام قوانین کو بالائے طاق رکھ کر من پسنداور بچگانہ فیصلے
کئے:محسن خان،پی سی بی میں بہتری لانے کیلئے بورڈ کیساتھ چمٹی ہو ئی جونکوں
سے جان چھڑانا ہو گی: عامر سہیل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق کرکٹرز اور آفیشلز نے عدالت کی
جانب سے چیئرمین ذکا اشرف کی بحالی پر ملے جلے رد عمل کاا ظہار کرتے ہوئے
کہا ہے کہ اس سے عدالتوں کی آزادی ثابت ہو گئی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ اب
دوسروں کے مینڈیٹ کو بھی تسلیم کرتے ہوئے میوزیکل چیئر کا کھیل بند ہو نا
چاہیے تاکہ دنیائے کرکٹ میں پاکستان کی جگ ہنسائی رک سکے ۔ سابق چیئرمین
پی سی بی خالد محمود نے چودھری ذکا اشرف کے فیصلے پر اپنے رد عمل میں کہا
کہ بار بار کی تبدیلیوں سے آئی سی سی سمیت دنیائے کرکٹ میں پاکستان کی کافی
جگ ہنسائی ہوچکی ہے لہٰذا اب اہل اقتدار کو چاہیے کہ وہ اپنے عمل سے اس
میں مزید اضافہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد
کرتے ہوئے کرکٹ کے فروغ کی خاطر کام کرنے کا موقع فراہم کرنا چاہیے ۔ سابق
ٹیسٹ کرکٹر اور چیف آپریٹنگ آفیسر سلیم الطاف کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب
سے فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ عدالتیں میرٹ پر فیصلے کرنے میں آزاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب کسی
ایڈونچر کی گنجائش نہیں ہے لہٰذا اپنی پسند نا پسند کو ایک طرف رکھتے ہوئے
اب کرکٹ کے فروغ اور بہتری کو مد نظر رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے
بھی کہہ چکے ہیں کہ نجم سیٹھی چار ماہ کے لئے چیئرمین بنے تھے مگر فیصلے
سالوں پر محیط رہے تھے۔سابق ٹیسٹ کپتان اور ہیڈ کوچ محسن حسن خان نے کہا کہ
عدالت پہلے بھی چودھری ذکا اشرف کو بحال کر چکی ہے مگر اسے تسلیم نہ کیا
گیا اور وہ ایک بار پھر بحال ہو گئے ہیں تو امید ہے کہ اب انہیں کام کرنے
دیا جائے گا اور ان سے بھی توقع ہے کہ وہ کرکٹ کی بہتری کے لئے سوچ سمجھ کر
فیصلے کریں گے ۔ انہوں نے نجم سیٹھی کی جانب سے کئے جانے والے فیصلوں پر
انتہائی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تمام قوانین کو بالائے
طاق رکھ کر من پسنداور بچگانہ فیصلے کئے ۔ان کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد
بورڈ میں آنا نہیں ہے تاہم وہ بورڈ میں ہوں یا نہ ہوں ہم سب کو مل کر کرکٹ
کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہئے ۔سابق کپتان عامر سہیل نے کہا کہ وہ ایک
بار پھر عدالت سے بحال ہو نے پر چودھری ذکا اشرف کو مبار کباد دیتے ہیں۔ ان
کا کہنا تھا کہ عدالتوں کی جانب سے میرٹ پر فیصلے کئے جا رہے ہیں مگر اصل
ضرورت ان پر عمل درآمد کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی میں بہتری لانے کے
لئے بورڈ کے ساتھ چمٹی ہو ئی جونکوں سے جان چھڑانا ہو گی تاکہ پاکستانی
کرکٹ کو صحیح معنوں میں فروغ دیا جا سکے ۔
سبسکرائب کریں در:
تبصرے شائع کریں (Atom)
ایک تبصرہ شائع کریں Blogger Facebook