گستاخانہ پروگرام نشر کرنے پر جیو کیخلاف اسلام آباد میں مقدمہ درج

اسلام آباد میں جیو پر توہین آمیز پروگرام نشر کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ لاہور ، شیخوپورہ اور اوکاڑہ کی عدالتوں نے بھی جیو انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ کراچی سمیت مختلف شہروں میں جیو کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے درجنوں درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں۔ لاہور: (ویب ڈیسک، دنیا نیوز) جیو پر توہین آمیز پروگرام نشر کرنے پر عوام کا غم وغصہ بڑھتا جا رہا ہے ۔ جیو انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کرنے کے احکامات اور درخواستوں کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے ۔ اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کے حکم پر تھانہ مارگلہ نے جیو کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ جیو انتظامیہ، میر شکیل الرحمان، شائستہ لودھی، وینا ملک، اسد خٹک سمیت تمام ذمہ داران کیخلاف مقدمہ زیر دفعہ دو سو پچانوے اے ، دو پچانوے سی ، دو سو اٹھانوے اے اور سات اے ٹی اے کے تحت درج کیا گیا ہے۔ لاہور کی سیشن کورٹ نے بھی میر شکیل الرحمان ، ڈاکٹر شائستہ واحدی اور وینا ملک کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ جیو نیوز نے توہین آمیز پروگرام نشر کر کے قوم کے جذبات مجروح کئے۔ شیخوپورہ اور اوکاڑہ میں بھی عدالت نے جیو انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے جبکہ کراچی کی مقامی عدالت نے درخواست پرجیو انتظامیہ اور دیگر کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ مٖظفر گڑھ میں ایم این اے جمشید دستی اور اہل سنت والجماعت کے ڈویژنل صدر عمر تاج شیروانی نے جیو کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کر دی جس پر سیشن جج ضیاء اللہ نیازی نے 22 مئی کو پولیس تھانہ سٹی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سرگودھا میں ایڈیشنل سیشن جج شہزادہ مسعود صادق نے جیو کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی پندرہ وکلاء کی مشترکہ درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو بائیس مئی کو طلب کر لیا ہے۔ گوجرانوالہ کی سیشن کورٹ میں بھی وکلا اور شیعہ علماء کونسل سمیت سات افراد نے جیو کے خلاف درخواستیں دائر کر دی ہیں۔ شیخوپورہ میں ایڈیشنل سیشن جج جاوید اقبال نے میر شکیل الرحمان ، شائستہ لودھی ، وینا ملک اور ان کے خاوند سمیت بیس افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایف آئی آر کی کاپی عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے ۔ سنی اتحاد کونسل نے بھی گستاخانہ پروگرام پر جیو نیوز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی ہے ۔ فیصل آباد، بہاولپور، حافظ آباد، بھکر اور سکھر میں بھی جیو انتظامیہ کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں Blogger

 
Top