دبئی میں بیٹھاپیسے کا پجاری پاکستان کیخلاف سازشیں کررہاہے :عمران خان

میر شکیل الرحمٰن کے اثاثوں ، بینک اکائونٹس سے قوم کو آگاہ ،مالی فوائد ،ٹیکس چوری ،قانون شکنی کی تحقیقات کرائی جائے ،امن کی آشا کیلئےباہر سے اربوں روپے لئے گئے،قوم جیوگروپ کا بائیکاٹ کرے ن لیگ کا میڈیا سیل جیو مذہبی جذبات مجروح کرنے پر معافی مانگے ،میر شکیل سندھ ریونیو بورڈ کا 180کروڑ ، پیمرا کا پونے 4ارب کا ڈیفالٹر ہے ، آئی ایس آئی کا میڈیا ٹرائل بھی خودکرایا ،مناظرے کا چیلنج اسلام آباد (نمائندہ خصوصی،دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے میرشکیل الرحمن کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے پاکستان کا سب سے بڑا بلیک میلر اور پیسے کا پجاری چھپ کردبئی میں کنگ میکر بنا بیٹھاہے اور پاکستان کیخلاف سازشیں کر رہا ہے ، امن کی آشا کیلئےباہر سے اربوں روپے لیے گئے، ذاتی مفاد کی خاطر پاکستان کوبدنام کیا گیا ، اب یہ لوگ دین بیچنے پر اتر آئے ہیں، قوم انہیں راہ راست پر لانے کیلئے جیوگروپ کا بائیکاٹ کرے، عمران خان نے جیوگروپ سے ملکی ایجنڈے کے خلاف کام کرنے اور غیر شائستہ پروگراموں کے ذریعے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے پر ملک و قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جنگ اورجیو کے ورکرز سے میرا کو ئی جھگڑا نہیں ہے ۔ ہفتے کو پارٹی کی کو رکمیٹی کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمٰن کی جانب سے ٹیکس چوری ، غیر ملکی فنڈنگ کے حصول ، قر ضوں کی ری شیڈولنگ کے دستاویزی ثبوت پیش کرتے ہوئے میڈیا کو کور کمیٹی میں ہونیوالے فیصلوں سے آگا ہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی کا مطالبہ ہے کہ میر شکیل الرحمن کی جانب سے حاصل کئے گئے مالی فوائد ، ٹیکس چوری اور قانون شکنی کی تحقیقات کرائی جائے اور انہیں عوام کے سامنے لایا جائے اور یہ بھی بتایا جائے کہ اسے 5واں لائسنس کیسے اور کیونکر حاصل ہوا ؟، جیو گروپ کو ملنے والے غیرملکی فنڈز کا آڈٹ کرایا جائے ، میر شکیل الرحمن کے اثاثوں ، بینک اکائونٹس اور ٹیکس ادائیگی کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ جیو گروپ غیر ملکی امداد کے عوض پاکستان کے مفاد کے خلاف کام کرنے پر قوم سے معافی مانگے ،پارٹی کا یہ مطالبہ بھی ہے کہ یہ گروپ میری کردار کشی اور اس کے ذریعے مجھے اور میرے خاندان کے افراد کو ذہنی اذیت پہنچانے پر مجھ سے بھی معافی مانگے ۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمن پاکستان آنے سے ڈرتے ہیں تو میں دبئی جا کر مناظرہ کرنے کیلئے تیار ہوں لیکن ان کے نوکروں سے مناظرہ نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ جیو ن لیگ کا میڈیا سیل بناہوا ہے ، یہ لوگ باہر سے پیسہ لے کر اور بیرونی آقاؤں کے اشارے پر ملک میں ٹرینڈ سیٹ کرتے ہیں، امن کی آشا کے نام پر امریکی محکمہ خارجہ سے بھی فنڈزلئے گئے ، آئی ایس آئی کا مفروضے کی بنیاد پر میڈیا ٹرائل کیا گیا،یہ کام میر شکیل الرحمن نے خود کرایا۔انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ از خود جیو کا بائیکاٹ کرے ۔عمران خان نے کہا کہ ان کی جدوجہد پارلیمنٹ میں آنے کے لیے نہیں بلکہ نیا پاکستان بنانے کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمن متحدہ عرب امارات میں پانچ ارب کے گھر میں رہتا ہے ،جیو ،نجم سیٹھی اور (ن) لیگ مل کر عوام کے حقوق غصب کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا قصور کیا تھا سوائے اس کے کہ ایک رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے وہ بعض حقائق سامنے لائے اور ان کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جس پر ان کی کردار کشی شروع کر دی گئی تب میں نے فیصلہ کیا کہ اس فرعون کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میر شکیل کو مجھ سے شکایت تھی تو وہ میری سیاست پر تنقید کر سکتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جس کی جتنی مرضی چاہیں کردار کشی کرلیں لیکن اگر ان سے کوئی سوال کرے تو اسے فوراً آزادی صحافت پر حملہ قرار دے دیا جاتا ہے ، اسی بنا پر اس نے میرے خلاف لیگل نوٹس بھی بھجوائے۔ان کا کہنا تھا اس صورتحال کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ن لیگ اس کے ساتھ ملی ہوئی ہے ،اس کے کہنے پر حکومت نے جیو گروپ کے خلاف کسی کارروائی کے بجائے پیمرا کے چیئرمین کو ہی تبدیل کروادیا کیونکہ اس نے رولز کے خلاف اس گروپ کو 5ویں چینل کے لیے لائسنس دینے سے انکار کر دیا تھا ۔ عمران خان نے کہا کہ سابق چیئرمین پیمرا رشید چوہدری نے مجھے تبایا کہ میر شکیل الرحمن ان کا اس لیے مخالف ہوا کہ انہوں نے سینیٹ کی کمیٹی کو بتایا تھا کہ وہ پونے چار ارب روپے کا ڈیفالٹر ہے، اس کے دبائو پر حکومت نے انہیں پیمرا سے نکلوایا ۔ عمران خان نے بتایا کہ میر شکیل نے 2010ء میں سندھ ریونیو بورڈ کو 180کروڑ روپے ادا کرنے تھے وہ بھی اد ا نہیں کیے اور انہیں ری شیڈول کرا لیا ۔انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمن سمجھتا تھا کہ وہ اتنا طاقتور ہو گیا ہے کہ اسے کو ئی چیلنج نہیں کر سکتا ۔ عمران خان نے کہا کہ میرشکیل الرحمن امریکی محکمہ خارجہ اور وائس آف امریکا سے ملنے والے فنڈز سمیت 70 لاکھ پاؤنڈ کی غیرملکی امداد لے چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی سرمائے سے میرخلیل الرحمن ٹرسٹ قائم کیا گیا ہے جس کی رقم جیونیوزپرخرچ کی جارہی ہے۔عمران خان نے بتایا کہ حامد میر نے ملاقات کے دوران اہم انکشافات کئے ہیں لیکن انہیں راز رکھنے کی انکی درخواست پر سامنے نہیں لا رہا، بس ایک راز فاش کرنے کی انہوں نے اجازت دی جو ان کی زیر طبع کتاب میں بھی شامل ہو گا کہ 2013ء کے انتخابات میں اس قدر بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی کہ جعلی ووٹوں کیلئے ٹھپے لگانے والی ایک مہر ان کے پاس محفوظ ہے جسے انہوں نے اپنے پروگرام میں بھی دکھایا۔

ایک تبصرہ شائع کریں Blogger

 
Top