ایران کوجوہری طاقت نہیں بننےدیں گے امریکااسرائیل اتفاق

دنیا کو بتانا چاہتے ہیں تہران جوہری معاملے پر عالمی برادری کی آنکھوں پر پٹی باندھ رہا ہے،عالمی طاقتیں آیت اللہ کو جیتنے نہ دیں، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو ہمارا ہدف بھی یہی ہے، صہیونی ریاست کو ایران سے تحفظ دلانے کیلئے ہرممکن کوشش کرینگے،امریکی وزیر دفاع چک ہیگل، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں گفتگو مقبوضہ بیت المقدس (فارن ڈیسک )امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ اسرائیل کو ایران کی جوہری طاقت کے خوف سے بچانے کیلئے جو بھی ضروری ممکن ہوا ہم کرینگے،ایران کو جوہری ہتھیار نہیں رکھنے دینگے جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ ایران جوہری معاملے پر عالمی برادری کی آنکھوں پر پٹی باندھ رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں امریکا کی طرف سے آپ کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ ایران کو جوہری ہتھیار نہیں رکھنے دینگے، اس ہفتے ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان جوہری معاملے پر ہونے والے مذاکرات سے قبل دونوں رہنماؤں نے ملاقات کی ۔ اس موقع پراسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے امریکی وزیر دفاع کو باور کرایا کہ عالمی طاقتوں کو ایک سخت ترین معاہدے کے ذریعے ایران کو جوہری بم کی تیاری سے روکنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ جب عالمی طاقتیں ایرانی جوہری تنازعے پر ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہیں تو عالمی طاقتوں کو یہ کہنے کے علاوہ کچھ کہنے کی ضرورت ہے کہ آیت اللہ کو جیتنے نہ دیا جائے،اسرائیلی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے دور کی سب سے بڑی دہشتگرد ریاست کو اجازت نہیں دینا ہو گی کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل کر لے، اس موقع پر امریکی وزیر دفاع نےکہا کہ امریکا کا ہدف بھی یہی ہے،انہوں نے اسرائیل کو یقین دلایا کہ امریکا اپنے اس عزم پر قائم ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنا سکے گا، اس مقصد کیلئے امریکا کو جو بھی کرنا پڑا کرے گا، وزیر دفاع کے دورہ اسرائیل کا مقصد اپنے اتحادی کی عالمی طاقتوں کے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے تشویش دور کرنا ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل پہلے دن سے ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے جوہری ایشو پر مذاکرات کا مخالف ہے۔ ادھرویانا میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان دو روز پہلے شروع ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے ایران نے کہاہے کہ بات چیت اچھے ماحول میں لیکن سست روی اور مشکلات کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق جمعے کو ایران کے نائب وزیر خارجہ اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ عباس عراقچی نے کہاکہ مذاکرات کا ماحول اچھا ہے اور بات چیت آگے بڑھ رہی ہے لیکن مذاکرات آگے بڑھنے کی رفتار دھیمی ہے اور مشکلات ہمراہ ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ویانا مذاکرات کا مقصد ایک حتمی جوہری معاہدے کی طرف پیش رفت کرنا ہے،دوسری جانب یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کیتھرائن آشٹن کے ترجمان مائیکل مان نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ مذاکرات جاری رہیں گے۔

ایک تبصرہ شائع کریں Blogger

 
Top