عمران خان کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کئے بغیر ہی فائنل جیتنا چاہتے ہیں پرویز رشید

کپتان ریفری بھی اپنے چاہتے ہیں،عمران خان 4ارب کے بجائے 8 ارب میں میٹروبس منصوبہ مکمل کرکے دکھائیں،وزیر اطلاعات سونامی اور کنٹینر بابا کے شو ناکام ہو گئے ،کامران مائیکل،امیر مقام، احسن اقبال ،رانا ثناء اﷲ،رانا مشہود احمد اور دیگر کا جلسے پر رد عمل لاہور،اسلام آباد (خصوصی رپورٹر،خبرنگار،دنیا نیوز ، ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کئے بغیر ہی فائنل جیتنا چاہتے ہیں جبکہ اس میچ میں وہ ریفری بھی اپنے چاہتے ہیں۔ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاخیبر پختونخوا میں عمران خان کی ٹیم کی کارکردگی تباہ کن ہے ، کپتان کو پہلے دس اوور میں ہی شکست کا یقین ہو چکا ہے اس لئے وہ 50 اوور پورے کھیلنے سے کترا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان چاہتے ہیں ہجوم گراؤنڈ پر دھاوا بول کر میچ خراب کردے ۔ایک بیان میں پرویزرشید نے پیش کش کی کہ عمران خان 4ارب روپے کے بجائے 8 ارب روپے میں میٹروبس منصوبہ مکمل کرکے دکھائیں۔انہوں نے کہا کیمرے کی آنکھ اس بات کی گواہ ہے کہ کہیں بھی لوگوں کو روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی نہیں کی گئیں اورنہ ہی انتظامیہ اس میں ملوث تھی اس حوالے سے تحریک انصاف کے الزامات بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا عمران خان کہتے ہیں میٹروبس منصوبہ 4ارب کی لاگت سے تعمیر کیاجاسکتاہے اگرایسا ہے تو ہم انہیں 8 ارب روپے دیتے ہیں وہ یہ منصوبہ مکمل کرکے دکھادیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا حکومت اگر خانہ کعبہ کا غلاف بھی پہن لے توعمران خان کو اچھا نہیں لگے گا، دھاندلیوں کے خلاف جلسے کرنا،مظاہرے کرنا بالکل بھی جمہوری نہیں اس کام کے لیے پارلیمنٹ موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس سیاست کرنے کے لیے کوئی نعرہ باقی نہیں رہ گیا۔مسلم لیگ ن کے وفاقی و صوبائی وزرائنے تحریک انصاف کے ڈی چوک جلسے کو فلاپ شو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے احتجاج کی سیاست کو مسترد کر دیا ، سونامی اور کنٹینر بابا کے شو بری طرح ناکام ہو گئے صرف چند ہزار افراد کی شرکت نے دونوں کو اصلیت یاد کرا دی۔ وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر کامران مائیکل نے کہا کہ ڈی چوک کاجلسہ جمہوریت کوڈی ریل کرنے کیلئے تھا مگرسازش ناکام ہوگئی۔ پی ٹی آئی کی قیادت دھاندلی کیخلاف عدالت سے رجوع کرے ۔ صوبائی وزیر رانا ثناء اﷲ نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی باقیات جمہوریت کو ڈی ریل کررہی ہیں۔ دھاندلی کا فیصلہ پنچایت یا جرگے نے نہیں کرنا سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن نے کرنا ہے ۔ رانا ثنا اللہ نے کہا عمران خان نے تقریر میں غلط اعداد وشمار پیش کیے ،عمران نے جو مطالبے کیے ان سے تو پوری قوم متفق ہے ۔دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان کو زرداری کی تعریف مبارک ہوجلسہ دیکھ کر لگتا ہے سونامی تھک چکی ہے ،ایسا لگتا ہے سونامی بوڑھی ہو چکی ہے ۔ وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا عمران خان کا دھرنوں کے ذریعے اسلام آباد پر قبضہ کرنے کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا اﷲتعالیٰ پاکستان کو سونامی اور تباہی سے محفوظ رکھے ،دھرنے اور احتجاج عوامی مسائل کا حل نہیں ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا خان صاحب اپنے صوبے میں ناکامی کے بعد پورے سسٹم کو ملیا میٹ کرنا چاہتے ہیں عملی طور پر یہ صفر ہیں اور چندہ اکٹھا کرنے اور تقریروں کے سوا انہیں کچھ نہیں آتا،جتنا زور انہوں نے اس جلسے پر لگایا ہے اگر اپنے صوبے میں پولیو کے خاتمہ پر لگاتے تو پاکستان کو یہ بدنامی نہ اٹھانا پڑتی۔صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد نے کہا سونامی اور کنٹینر بابا کے شو بری طرح ناکام ہو گئے ۔ق لیگ کا تحریک انصاف اور طاہر القادری سے الحاق صفر جمع صفر کے برابر ہے ۔ مسلم لیگ ن لاہور کے صدر اور رکن قومی اسمبلی پرویز ملک اور جنر ل سیکرٹری خواجہ عمران نذیرنے کہا کہ عمران خان عمل کے بجائے صرف خوابوں کی باتیں کرتے ہیں۔ پرویز رشید

ایک تبصرہ شائع کریں Blogger

 
Top