شامی طیاروں کی شہری آبادی پر بمباری , 40 افراد ہلاک

طیاروں نے حلب اور ادلب میں بمباری کی،ترکی کیساتھ سرحدی علاقے میں دھماکہ، 29افراد ہلاک،شام میںزہریلی گیس کے استعمال کے متعلق دستاویزات دیکھی ہیں:جان کیری دمشق/لندن(نیوز ایجنسیاں)شامی فضائیہ کے طیاروں کی شہری آبادی پر بمباری، 40 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق طیاروں نے حلب اور ادلب میں شہری آبادی پر بمباری کی جس کے نتیجے میں عورتوں اور بچوں سمیت 40 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ، متعدد افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔بمباری میں متعدد گھر اور گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں تین ریسکیو اہلکار بھی شامل ہیں جو امدادی کارروائیوں میں مصروف تھے ۔ شامی مبصر گروپ کے مطابق شہری آبادی پر بمباری ایک معمول بن چکا ہے جس میں بیگناہ شہری ہلاک ہو رہے ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق شامی فورسز کی بمباری اور دیگر کارروائیوں میں اوسطاً روزانہ دو سو شہری ہلاک ہو رہے ہیں۔ دریں اثنا ترکی کے ساتھ سرحدی علاقے میں ایک کار بم دھماکے میں پانچ خواتین اور تین بچوں سمیت 29 افراد ہلاک ہو گئے ۔دھماکہ ایک کار پارکنگ میں ہوا۔دوسری جانب شام میں اغوا ہونے والے دو برطانوی صحافی ترکی پہنچ گئے ۔ صحافیوں کو مقامی باغی کمانڈر کے حکم پر رہا کیا گیا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ انہوں نے کچھ ایسی دستاویزات دیکھی ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ شام میں زہریلی گیس کلورین کا استعمال کیا گیا ہے ۔ لندن میں دوستان شام گروپ کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شام میں متعدد کیمیائی حملوں کے ثبوت دیکھ لئے ہیں تاہم ان کی تصدیق ہونا باقی ہے ۔ ادھر لبنان میں پناہ گزین کیمپوں میں امدادی سامان کی فراہمی کے دوران شامی شہریوں سے رشوت لئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔پناہ گزینوں کا کہنا ہے کہ امدادی سامان لینے کے واسطے فہرست میں نام درج کرانے کیلئے ان سے 13 ڈالر فی کس رشوت مانگی جا رہی ہے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں Blogger

 
Top