قائداقبال کا پاکستان لہولہان ہے علمابرداشت پھیلانے میں کردار ادا کریں شہباز شریف

لاہور :وزیر اعلیٰ شہباز شریف جامعہ اشرفیہ میں منعقدہ تقریب کے دوران سٹیج پر بیٹھے ہیں انتہاپسندی کا اسلام سے تعلق نہیں، دہشتگردی کیخلاف فرنٹ لائن سٹیٹ بننے سے عدم برداشت کا رویہ پیدا کیا‘جامعہ اشرفیہ میں خطاب پرامن معاشرے کے قیام کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائینگے ‘اجلاس کی صدارت، نیول چیف ایڈمرل آصف سندھیلہ کی ملاقات لاہور(خصوصی رپورٹر،جنرل رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ دین اسلام امن، برداشت، تحمل اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور انتہاپسندی کا اسلام سے دور دور کا واسطہ نہیں۔ نعشیں اٹھاتے اٹھاتے قوم کے کندھے تھک چکے ہیں۔ قائد اور اقبال کا پاکستان اس وقت لہو لہان ہے ، علمائے کرام صبر، تحمل اور برداشت کو پھیلانے میں کردار ادا کریں، حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اشرفیہ لاہور سے مختلف شعبہ جات میں تعلیم مکمل کرنے والے علمائے کرام میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کے کردار نے قوم میں عدم برداشت کا رویہ پیدا کیا ہے ۔ موجودہ حالات کا ذمہ دار کوئی اور نہیں ہم خود ہیں لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ ہم بگڑے معاملات کو سدھاریں ،نبی پاک ؐ کی تعلیمات کے عین مطابق انصاف اور وسائل کی منصفانہ تقسیم سکہ رائج الوقت ہوگی تو ملک مسائل کے گرداب سے نکل آئے گا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ شہباز شریف نے امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ لاہور میں 5ارب روپے کی لاگت سے سٹیٹ آف دی آرٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر بنایا جا رہا ہے ۔منصوبے کی تکمیل سے جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں جدید ترین آلات نصب کیے جائیں گے اورشہر کی جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔پرامن معاشرے کے قیام کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ منصوبہ لاہور کے ساتھ ملتان ،فیصل آباد اورراولپنڈی میں بھی شروع کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے ترکی کے ماڈل پر موٹر سائیکل سواروں پر مشتمل ڈولفن یونٹ تشکیل دینے کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف سے گزشتہ روز چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور نیوی کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سینئر صحافی نازلی طارق فاروق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔وزیراعلیٰ سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے بھی ملاقات کی اور اپنے علاقوں کے مسائل اور جاری سکیموں پر پیش رفت سے آگاہ کیا

ایک تبصرہ شائع کریں Blogger

 
Top